راولپنڈی (سی این پی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یومِ دفاع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم دفاع و شہدا ہماری قومی و عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے،یہ دن ہمیں مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔65 کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو جرات و مہارت سے ناکام بنایا۔
آرمی چیف نے کہا کہ 65 کی جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا عظیم جذبہ دیکھنا میں آیا۔ایمان،تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ ہمارا طرہ امتیاز ہے،پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہے۔ جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ شہدا کا تقدس اور احترام ہماری اہم ذمہ داری ہے۔حال ہی میں بعض عناصر نے عوام اور فوج کے مقدم رشتے پر وار کرنے کی کوشش کی لیکن افواجِ پاکستان نے بحیثیت ایک قومی ادارہ تحمل اور سمجھ داری سے اسے ناکام بنایا۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج عوام کی خواہشات اور امنگوں کا محور ہے۔ مضبوط معیشت مضبوط دفاع کیلئے ناگزیر ہے،باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
یوم دفاع وشہدا پرجوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین، سروسز چیفس اورملک کی مسلح افواج نے شہدا، ان کے اہلخانہ اورجنگی ہیروزکوخراج عقیدت پیش کیاہے۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کو ہماری بہادر مسلح افواج نے عوام کے تعاون سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا تھا، یہ دن دفاع وطن کیلئے جذبہ قربانی کا غماز اور قوم اور مسلح افواج کے مابین ناقابل تسخیر بندھن کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے آپریشن سومناتھ کے ذریعے دوارکا میں دشمن کا ریڈار اسٹیشن اور ساحلی تنصیبات تباہ کیں ، آپریشن سومناتھ نے دشمن کی بحری نقل و حرکت دیکھنے کی صلاحیت ختم کرکے اسے مفلوج کردیا تھا۔
نیول چیف نے کہا کہ پاکستان نیوی کی آبدوز غازی سمندر میں ایک ناقابل تسخیر ڈھال کے طور پر متحرک رہی ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے ان مجاہدوں کو انکی جرات مندانہ کارروائیوں اور قربانیوں پر خصوصی خراج تحسین پیش کریں۔ان کامزید کہناتھا کہ پاک بحریہ بلیو اکانومی کو فروغ دینے اور قومی ترقی کی نئی راہیں ہموار کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے، پاک بحریہ جنگ کا تدارک کرنے اور بحری دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، پاک بحریہ کے تمام افسران، سی پی اوز، سیلرزاور بحریہ کے سویلینز اپنی بحری سرحدوں کا دفاع کرتے رہیں گے۔
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع ہماری تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے، یہ دن دشمن کی جارحیت کے خلاف ہماری قوم کے عزم کی یاد دلاتا ہے، اس تاریخ ساز دن ایک جارح نے امن پسند ملک کی سالمیت پر وار کیا، دشمن ہمارے ناقابل تسخیر ارادوں سےلاعلم تھا۔سربراہ پاک فضائیہ کاکہنا تھا کہ قوم اور مسلح افواج نے ڈٹ کر دشمن کا مقابلہ کیا اور شکست فاش دی، پاک فضائیہ نے مسلح افواج کے شانہ بشانہ دشمن کو کاری ضرب لگائی، عددی برتری رکھنے والوں کے خلاف کامیابی سے لڑنے کی روایت قائم کی۔