مراکش میں شدید زلزلہ، 850 سے زیادہ افراد ہلاک

رباط(سی این پی) مراکش میں خوفناک زلزلے سے قیامت صغریٰ برپا ہو گئی۔ قدرتی آفت میں 850 سے زائد افراد ہلاک اور 150 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مراکش میں تباہ کن زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، جس سے عمارتیں لرز اٹھیں اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ حکام کے مطابق علاقے کی تاریخی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 850 سے زیادہ ہے جب کہ 150 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، تاہم مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، جس کے باعث خوفزدہ شہریوں نے رات کھلےمقامات اورسڑکوں پرگزاری۔امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق شدید زلزلہ مراکش کےپہاڑی علاقے اٹلس میں آیا، جس کامرکز مراکش کے جنوب مغرب میں 75 کلومیٹر دور تھا۔ زیر زمین گہرائی 18.5 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔دوسری جانب مراکش کے ہمسایہ ملک الجیریا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔