فائرنگ سے لڑکا زخمی ہونے کا معاملہ، پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آباد(سی این پی )تھانہ نون کے علاقے میں گزشتہ روز فائرنگ سے ایک لڑکے کے زخمی ہونے کا معاملہ۔پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ نون میں مقدمہ درج کرلیا گیا ، اسلام آباد پولیس خود احتسابی کے عمل پر یقین رکھتی ہے ،پولیس کا اولین فرض ہے کہ وہ شریف اور بے گناہ شہریوں کو ہر طرح سے تحفظ فراہم کرے ۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد محمد احسن یونس کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے گزشتہ روز تھانہ نون کے علاقے میں ہونے والے ناخوشگوار واقع کی پر انکوائری کی جس کے مطابق مورخہ08فروری بروز منگل پولیس کو سیف سٹی کال موصول ہوئی کہ موٹر سائیکل پر سوارتین ملزمان شہری کے ساتھ گن پوائنٹ پر واردات کر کے بھاگے ہیں، اس کال پرعلاقہ میں ڈیوٹی پر مامور تمام نفری کو ہائی الرٹ کیا گیا،اسی دوران گشت پر مامور ایگل سکواڈ کے جوانوں نے مخالف سمت سے تیز رفتاری سے آتے ہوئے ایک موٹر سائیکل کو دیکھا جس پر تین افراد سوار تھے، ایگل سکواڈ کے جوانوں نے موٹر سائیکل کو روکنے کی کوشش کی تو لڑکوں نے دو موٹر سائیکلوں پر چار پولیس جوانوں کو دیکھ کرموٹر سائیکل بھگا لی اور ایک دم گلی میں مڑے اور یوٹرن لیتے ہوئے سلپ ہو کرگر گئے ، ایک لڑکا جس نے پیچھے ایک بیگ پہنا ہوا تھا فورا اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر بھاگ گیا، اسی دوران پولیس نے ان کو روکنے کے لئے ہوائی اور زمینی فائر کئے ، جب دونوں لڑکوں کو پکڑا گیا تو ایک لڑکے کے پاﺅں کے انگوٹھے میں ایک فائر لگا ہوا تھا جس کو بعد میں ہسپتال لے جایا گیا، تینوں بچے ٹیوشن پڑھ کرواپس آرہے تھے،اس تمام معاملہ میں گشت پر موجود افسران نے واضح طور پرمروجہ ایس او پی کی خلاف ورزی کی اورخطاءاز قیاس (Error of Judgement)کے مرتکب ہوئے، اسی لئے لڑکے حذیفہ کے والدجناب محمد کامران خان کی درخواست پرپولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، مقدمہ کی تفتیش بھی میرٹ پر کی جائے گی۔
اسلام آباد پولیس اسلام آباد کے شہریوں کو یقین دلاتی ہے کہ ہماری ہر کوشش ان کی حفاظت کے لئے ہے، ہماری پوری کوشش ہے کی آپ جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے، جہاں کریمینلز کے خلاف موثر ایکشن ضروری ہے وہیں پرشریف شہریوں کی حفاظت کو بھی ہر صورت مقدم رکھنا انتہائی اہم ہے ، اسلام آباد پولیس شہریوں کی حفاظت کے لئے پرعزم ہے اور اب تک اسلام آباد پولیس کے 55افسران و جوان فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہو چکے ہیں جبکہ 40سے زائد افسران زخمی ہوئے ہیں،شہریوں سے بھی درخواست ہے کہ وہ پولیس کے روکنے پر برائے مہربانی پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں آئی جی اسلام آباد شکایات سیل 1715پر 24گھنٹے کال کی جا سکتی ہے ۔
اسلام آباد پولیس خوداحتسابی کے عمل پر یقین رکھتی ہے ، پولیس کا اولین فرض ہے کہ وہ شریف اور بے گناہ شہریوں کو ہر طرح سے تحفظ فراہم کرے ، آئی جی اسلام آبادمحمد احسن یونس سمیت سینئر افسران نے زخمی لڑکے کی عیادت کی اور اس کی فیملی سے بھی ملے ، آئی جی اسلام آباد سمیت تمام اسلام آباد پولیس نے اس ناخوشگوار واقعہ پر ان سے معذرت کی ۔