صد ر عارف علوی نے عام انتخابات کیلئے 6 نومبر کی تجویز دیدی

اسلام آباد(سی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمیشن کو 6 نومبر کو عام انتخابات کرانے کی تجویز دے دی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے عام انتخابات کے لئے 6 نومبر کی تجویز دی ہے ،صدر مملکت نے خط میں آئینی پیچیدگیوں سے بچنے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز صدر مملکت عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کے نام خط ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ملک میں عام انتخابات قومی اسمبلی تحلیل کے بعد90 روز کے اندر ہی کرانا آئینی معاملہ ہے

خط میں مزید کہاگیا ہے کہ 9 اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا گیا۔خط کے متن کے مطابق 90 دن میں الیکشن کی تاریخ دینا آئین کے آرٹیکل 48 (5) کے تحت صدر کا اختیار ہے، صدر کا اختیار ہے کہ اسمبلی تحلیل کی تاریخ سے 90 دن کے اندر عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرے۔صدر نے کہا کہ آرٹیکل 48 (5) کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے عام انتخابات 89ویں دن 6 نومبر 2023 کو ہونے چاہئیں۔