او جی ڈی سی ایل مسلسل کامیابیوں کی راہ پر گامزن ۔نشپا کنویں سے 900بیرل خام تیل یومیہ کا اضافہ

اسلام آباد(سی این پی)آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے بدھ کوخیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں نشپا ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز (ڈی اینڈ پی ایل) میں واقع ناشپا کنواں 10- سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اضافی پیداوار کے حصول کا اعلان کیاہے جو تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافہ کے لئے کی جانے والی کوششوں میں ایک اور قابل ذکر کامیابی ہے۔

تیل اور گیس کی پیداوار کو بڑھانے کے لئے تذویراتی حکمت عملی کے نفاذ کے باعث اوجی ڈی سی ایل کے ہنگو لمشیوال فارمیشن سے ہائیڈرو کاربن کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کے ساتھ غیر معمولی نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ جس کے نتیجے میں نشپا کنواں – 10سے کمپنی کے انجنئیرز کی صلاحیتوں کی بدولت 900 بیرل یومیہ خام تیل کی پیداوار میں اضافہ کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ واضح رہے یہ اضافی پروڈکشن 720 پی ایس آئی کے ویل ہیڈ فلوئینگ پریشر (ڈبلیو ایچ ایف پی) پر لی جا رہی ہے۔

مذکورہ کنواں سے اضافی پیداوار کاآغاز 12 ستمبر، 2023 کو ہوا جو پاکستان کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے او جی ڈی سی ایل کی طرف سے بھرپور کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔نشپا کنواں 10- سے اب 1340 بیرل یومیہ خام تیل کی مجموعی پیداوار حاصل کی جا رہی ہے اورکنویں سے حاصل ہونے والی گیس ایس این جی پی ایل کے نیٹ ورک میں بلارکاوٹ شامل کی جارہی ہے۔.

نشپا ڈی اینڈ پی ایل ای مشترکہ جائنٹ ونچر ہے جس میں او جی ڈی سی ایل بطور آپریٹر56.45 فیصد حصے کی مالک ہے جبکہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) 28.55 فیصد اور گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) 15 فیصد حصہ رکھتے ہیں۔ نشپا کنواں 10- سے دسمبر 2020 سے پروڈکشن لی جا رہی ہے اور اس سے قبل کنویں سے دتہ، شنواری اور سمنہ سکھ فارمیشنز سے 710 پی ایس آئی کے ڈبلیو ایچ ایف پی پر 440 بیرل یومیہ تیل اور 3.40 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ یومیہ گیس حاصل ہورہی تھی۔

یہ کامیابی اوجی ڈی سی ایل کے نہ صرف پائیدار توانائی کی پیداوار کے لیے بلکہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عزم کو واضح کرنے کے ساتھ ساتھ اسے تقویت دیتی ہے۔اوجی ڈی سی ایل توانائی کے شعبے میں بہترین کارکردگی کے حصول میں ثابت قدم ہے اور نشپا کنواں 10- سے حاصل ہونے والی یہ کامیابی اوجی ڈی سی ایل کی غیر متزلزل کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔