نواز شریف کی واپسی :قیادت نے مینار پاکستان پر جلسے کی کال دیدی

لاہور (سی این پی ) سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کے موقع پر مسلم لیگ ن نے مینار پاکستان پر جلسے کی کال دیدی۔

پاکستان مسلم لیگ ن نے 21 اکتوبرکو مینارپاکستان پرجلسے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے کارکنوں کو مذکورہ دن مینار پاکستان پہنچنے کی ہدایت کردی ہے جب کہ نواز شریف نے ایئرپورٹ پر صرف سینئرقیادت کو آنے کی ہدایت کی ہے، نواز شریف مینار پاکستان جلسے سے خطاب کے بعد داتا دربار پر حاضری دیں گے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ لندن سے واپس آنے والے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف حفاظتی ضمانت ملنے کی صورت خود عوامی استقبال سے خطاب کریں گے، اس کے لیے پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ نوازشریف بذریعہ ہیلی کاپٹرایئرپورٹ سے مینار پاکستان جائیں گے اور ان کے جیل جانے کی صورت میں مینارپاکستان پراحتجاجی جلسہ ہوگا، ملک بھر سے آنے والے رہنما و لیگی کارکنان مینارپاکستان پر جمع ہوں گے۔

دوسری طرف سابق وزیر اعظم میاں شہبازشریف لندن سے لاہور پہنچ چکے ہیں، صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شہبازشریف لندن میں ایک مہینہ قیام کے بعد آج وطن واپس آئے ہیں، شہبازشریف نے دورے کے دوران مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے ساتھ کئی اہم ملاقاتیں کیں اور پارٹی قائد کی وطن واپسی کا اعلان بھی کیا۔

بتایا جاتا ہے کہ شہباز شریف نے لندن میں متعدد پارٹی میٹنگز میں بھی حصہ لیا، شہبازشریف وطن پہنچ کر اب مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیں گے اور ان کے استقبال کے لئے پارٹی کے دیگر رہنماو¿ں سے بھی مشاورت کریں گے۔