بھارت کی ایک ریاست کے اسکولوں میں طالبات پر حجاب پہننے پر پابندی عائد کیے جانے پر اشتعال اور غصہ نہ صرف بھارت بلکہ بیرون ملک بھی پھیل رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک بھارتی پارلیمنٹیرین اور ایک نوبل انعام یافتہ شخصیت نے بھی اس پر اعتراض کیا ہے۔
کولکتہ میں گزشتہ روز سیکڑوں طلبہ نے حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور سڑکیں بلاک کردیں۔
کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ (ایم پی ) ششی تھرور کا کہنا تھا کہ بھارت میں مذہبی لباس پر پابندی لگانے والا کوئی قانون نہیں ہے۔
بھارت میں کھڑے ہونے والے اس تنازع پر نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے بھی اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی کا بھارتی رہنماؤں سے کہنا تھا کہ وہ مسلم خواتین کو سماجی سطح پر دبانے کو کوششوں اور اقدامات کو روکیں۔
اپنے ٹوئٹ میں ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ لڑکیوں کو حجاب پہن کر اسکول جانے سے روکنا بہت خوفناک ہے، حجاب کے معاملے پر خواتین کو کسی طرح سے بھی مجبور کرنا غیر مناسب ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ نے گزشتہ ہفتے اس طرح کی خبریں دی تھیں کہ کرناٹک کے کئی اسکولوں نے وزارت تعلیم کے ایک حکم کا حوالہ دیتے ہوئے حجاب پہننے والی مسلم لڑکیوں کو داخل ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا، جس نے والدین اور طالب علموں کو احتجاجی مظاہروں پر مجبور کردیا۔
مسلم طلبہ اور والدین کے مظاہروں کے جواب میں حالیہ دنوں میں پابندی کی حمایت کرتے ہوئے ہندو طلبہ نے بھی جوابی مظاہرے کیے اور ریلیوں کی شکل میں اسکولوں میں آئے، دو کمیونیٹیز کے درمیان حالیہ کشیدگی اور تناؤ کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے کرناٹک کی ریاستی حکومت تین دن کے لیے اسکول اور کالج بند کرنے پر مجبور ہوگئی۔
ایک چشم دید گواہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کولکتہ میں احتجاج کرنے والی طالبات میں زیادہ تر حجاب پہننے والی خواتین تھیں، ان مظاہروں میں کوئی حادثہ نہیں ہوا، مظاہرین طلب کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئندہ روز دوبارہ احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے۔
تنازع کے خلاف طلبہ کی جانب سے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی مظاہروں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
کرناٹک جہاں 12 فیصد آبادی مسلمان ہے اور ہندو قوم پرست بی جے پی کی حکومت ہے وہاں ریاستی حکومت کا ایک حکم میں کہنا ہے کہ طلبہ کو اسکولوں کے وضع کردہ ڈریس کوڈ پر عمل کرنا چاہیے۔
بھارت کے ٹیکنالوجی کے مرکز بنگلور میں انتظامیہ نے گزشتہ روز اسکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے ارد گرد احتجاج پر دو ہفتوں کے لیے پابندی لگا دی ہے۔