راولپنڈی(سی این پی)سکیورٹی فورسز نے بنوں اور شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ پانچ کو سہولت کاروں سمیت گرفتار کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے دو اضلاع میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کیے۔ جس کے نتیجے میں 8 دہشت گرد ہلاک اور 5 گرفتار ہوئے جن میں سہولت کار بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں پہلے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ پانچ کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک و گرفتار دہشت گرد 31 اگست 2023 کو جانی خیل میں فوجی قافلے پر موٹرسائیکل سوار کے خود کش حملے میں ملوث تھے۔ خود کش دھماکے کے نتیجے میں 9 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں ایک اور کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دتہ خیل میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو بے اثر کرنے کے لیے آس پاس کے علاقوں میں کلیئرنس اپریشن جاری ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہا اور اپنے تعاون کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔