اداکار احمد علی اکبر اور عثمان خالد بٹ کی ڈانس ویڈیو وائرل

لاہور(سی این پی) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے خوبرو اداکار احمد علی اکبر اور عثمان خالد بٹ نے شادی کی تقریب میں شاندار رقص کر کے سب سے تعریفیں سمیٹ لیں۔ احمد علی اکبر اور عثمان خالد بٹ اپنی خوبصورتی اور بہترین اداکاری کے علاوہ اپنے ڈانس مووز کے باعث بھی چرچوں میں رہتے ہیں، دونوں اکثر شادی کی تقاریب میں ایک ساتھ رنگ جماتے نظر آتے ہیں۔

اداکار وں کی شادی کی تقریب میں رقص کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں دونوں ایک تیلگو فلم کے گانے پر رقص کرتے نظر آرہے ہیں۔ مذکورہ ویڈیو میں عثمان اور احمد کو فلم ’آر آر آر‘ کے مقبول ترین گانے ’ناٹو ناٹو‘ کے ہوک اسٹیپز دیتے دیکھا جاسکتا ہے اور اس ڈانس کو کرتے ہوئے دونوں کا جوش قابلِ دید ہے۔ عثمان نے اس رقص کو کرتے ہوئے سیاہ سوٹ پہن رکھا ہے جبکہ احمد علی اکبر سفید شرٹ کے ساتھ نیلا سوٹ پہنے ہوئے ہیں۔