لاہور ہائی کورٹ نے لال حویلی کو ڈیل سیل کرنے کی استدعا مسترد کر دی

راولپنڈی (سی این پی)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس جواد حسن نے متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویل سیل کرنے کیخلاف دائر پٹیشن پر لال حویل کو فوری طور پر ڈی سیل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے عدالت نے متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت2اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے

گزشتہ روز پٹیشن کی سماعت کے موقع پر متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر اور لیگل ایڈوائزر جبکہ درخواست گزار شیخ صدیق کی جانب سے سردار عبدالرازق خان اور ان کے معاون سردار شہباز خان عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر متروکہ وقف املاک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید اورانکے بھائی شیخ صدیق کو دستاویزات پیش کرنے کیلئے متعدد مواقع دیئے گئے لیکن شیخ رشید، انکے بھائی اوروکلا ریکارڈ پیش کرنے کی بجائے بار بار التوا مانگتے رہے ۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کے احکامات پر شیخ رشید اور شیخ صدیق نے متروکہ وقف املاک میں اپیل دائر کی لیکن ہمیں بغیر سنے لال حویلی کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیادرخواست گزار کے وکیل نے لال حویلی کے خلاف آپریشن کو یکطرفہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے استدعا کی کہ لال حویلی کو ڈی سیل کیا جائے عدالت نے فریقین کے وکلا کا موقف سننے کے بعد متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو ریکارڈ سمیت2اکتوبر کو طلب کر لیا ہے