میانوالی چیک پوسٹ پر حملہ،ایک شہید،جوابی فائرنگ سے 2 ہلاک

میانوالی (سی این پی) پنجاب کے علاقے میانوالی میں کنڈل کے مقام پر پولیس کی پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو دہشتگرد مارے گئے۔آئی جی پنجاب عثمان انور کے مطابق دس سے بارہ دہشتگردوں نے کنڈل کے مقام پر پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا، پوسٹ کی چھت پر تعینات اہلکار کی جوابی فائرنگ سے دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ پوسٹ پر دو اطراف سے حملہ کیا گیا، پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد دو دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے، ہلاک ہونے والے شر پسند ملک بھر میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، دہشت گردوں کے دیگر ساتھیوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حملہ پسپا کرنے اور دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سی ٹی ڈی کو شاباش دی جبکہ فرض کی راہ میں شہادت کا عظیم مقام پانے والے کانسٹیبل ہارون خان کو سلام پیش کیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کنڈل پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی، ایک دہشت گرد کی شناخت زبیر نواز جبکہ دوسرے کی محمد خان کے نام سے ہوئی۔

نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا اور دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔انہوں نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے پر پولیس اہلکار ہارون خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہید ہیڈ کانسٹیبل کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہیں اور غم کی اس گھڑی میں شہید اہلکار کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ملک دشمن پاکستان میں امن اور ترقی کو سبوتاژکرنے کے درپے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں