سابق وزیر اعظم عمران خان 71 برس کے ہو گئے

اسلام آباد(سی این پی)سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان 71برس کے ہو گئے ان کی سالگرہ 5اکتوبرجمعرات کو منائی جائے گی۔ عمران خان پانچ اکتوبر1952 کو لاہور میں پیدا ہوئے وہ چار بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں انہوں نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کرنے کے بعد برطانیہ کا رخ کیا۔

تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں بھی خود کو منوایا اور اٹھارہ سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔ان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم 1992 کے ورلڈکپ میں فتح یاب ہوئی۔

کینسر کے مریضوں کے لیے لاہور میں شوکت خانم میموریل اسپتال بنانا بھی ان کا کارنامہ ہے۔عمران خان نے 25 اپریل 1996کو تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔2002 میں میانوالی سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔17اگست2018 کو عمران خان ملک کے وزیر اعظم منتخب ہو گئے جبکہ10 اپریل2022 کو قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی جس کی کامیابی کے بعد عمران خان وزارت عظمی کے عہدے سے علیحدہ ہو گئے ۔