حماس کے حملوں میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد700 ہوگئی

مقبوضہ بیت المقدس(سی این پی) فلسطین اور اسرائیل کے درمیان گھمسان کی جنگ تیسرے روز بھی جاری رہی ، ااسرائیلی فوجی ہلاکتوں کی تعداد700 سے زائد ہوگئی ہے ، 2000 کے قریب زخمی ہو گئے، کئی اسرائیلی شہری اور اہلکار یرغمال بنا لیے گئے، اسرائیل کی جوابی کارروائی میں 480 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 2200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔حماس کی ملٹری ونگ کی کارروائیوں سے اسرائیل بوکھلا گیا، طوفان الاقصی آپریشن میں اسرائیل پر ہزاروں راکٹ فائر کیے گئے، متعدد اسرائیلی علاقے حملوں کی زد میں آئے، زمین ، سمندر اور فضا سے حملوں کے بعد اسرائیل کے متعدد شہری اور سرکاری اہلکار یرغمال بنا لیے گئے، فلسطینی جنگجووں نے اسرائیلی علاقوں میں داخل ہوکر ٹارگٹڈ حملے کیے۔اسرائیل اور فلسطین کی جنگ میں لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے بھی انٹری دیتے ہوئے تین اسرائیلی فوجی چوکیوں پر حملہ کیا، تینوں اسرائیلی فوجی چوکیاں مقبوضہ شیبہ فارمز میں ہیں، جواب میں اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کے سرحدی علاقوں پر راکٹ حملے کیے گئے، اسرائیلی حکومت نے 42 سالہ کمانڈر نہال کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔دوسری جانب اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے غزہ پر بمباری کی اور کئی مقامات کو نشانہ بنایا، غزہ رات بھر اسرائیلی بمباری سے گونجتا رہا، اسرائیلی فضائی حملوں سے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، اسرائیل نے غزہ کیلئے فیول، اشیا اور بجلی کی سپلائی معطل کرنے کا اعلان کر دیا، اسرائیلی فوج نے غزہ پر مکمل قبضہ کرنے کی دھمکی دے دی۔