سول سیکرٹریٹ: لیوانکیشمنٹ سمیت مطالبات کی منظوری، سرکاری ملازمین کا احتجاج

راولپنڈی(سی این پی) پنجاب بھر کے سرکاری محکموں کے ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ سول سیکرٹریٹ کے باہر سرکاری ملازمین نے دھرنا دے دیا۔مظاہرین نے لیو انکیشمنٹ ، فیملی پنشن ، پنشن کٹوتی اور سالانہ انکریمنٹ کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ مال ، ایجوکیشن ، ہیلتھ ، سی اینڈ ڈبلیو ، ایریگیشن ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔

دھرنے میں پنجاب بھر کے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، اے سیز دفاتر کے ملازمین نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ واسا ، ایم سی ایل، سول سیکرٹریٹ کے ملازمین بھی احتجاج میں شامل ہیں۔دھرنے کی وجہ سے سول سیکرٹریٹ کے اطراف میں کنٹینر لگا کر روڈ بلاک کر دی گئیں۔ جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث دفتری امور متاثر ہو کر رہ گئے۔