فلسطینی مجاہدین نے اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

اسلام آباد(سی این پی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں مسئلہ فلسطین پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جذبہ ایمان سے سرشار فلسطینی عوام اور مجاہدین نے غاصب صہیونی ریاست کو ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں، فلسطین کے غیور فرزندوں نے رسول اکرم ص، اہلبیت ع اور اصحابِ کرام کی سیرت کو زندہ کیا ہے، اگر تقوی اور ایمان کی قوت موجود ہو تو پھر کوئی جدید سے جدید ٹیکنالوجی بھی مقابلہ نہیں کر سکتی، یہودی میڈیا نے اسرائیل کا ایسا تاثر اور ہوا بنایا ہوا تھا کہ اگر کوئی اس کے خلاف ذرا برابر بھی اقدام کرے گا تو یہ اسے مٹا دے گا، لیکن چشم فلک نے دیکھا کہ شجاع فلسطینیوں نے جانبازی اور جرأت کی تاریخ رقم کردی ہے، اسرائیل کے ناقابل شکست ہونے کے گھمنڈ کو خاک میں ملا دیا ہے، اسرائیل کے جسد عنکبوت پر بدر وخندق اور خیبر کے پیروان نے ایسا آہنی وار کیا ہے کہ وہ اس کی تاب نہیں لا سکا، فلسطینی عوام نے اسرائیل کے خلاف پوری قوت کے ساتھ بڑا حملہ کر کے اس کے تمام چھوٹے چھوٹے حملوں کا جواب ایک ساتھ دیے دیا ہے،
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی سفاکیت کے ساتھ کھڑے تمام ممالک اور اقوام میں انسانیت نہیں ہے، اسپتال، مساجد، چرچ اور پناہ گزین کیمپوں پر حملے اس کا واضح ثبوت ہیں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں آج اس ظلم وبربریت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، اقوام متحدہ اور او آئی سی غزہ پر اسرائیلی درندگی کو رکوانے میں مکمل ناکام ہیں، یہ ادارے ایک خاص ایجنڈے اور سوچ کے تحت چلتے ہیں اور اس سے ہٹ کر یہ کسی ظالم و جابر کے خلاف آواز بلند نہیں کرتے، جبکہ پوری دنیا کی انسانیت دوست اقوام نے لاکھوں کی تعداد میں اپنے ملکوں میں احتجاج کر کے فلسطینی کے معصوم بچوں اور خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، آج غزہ کے مظلومین پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، لیکن سمجھ سے بالاتر ہے کہ پاکستان کی جانب سے جاندار مؤقف سامنے نہیں آ رہا، ہمیں چاہیے کہ مسالک و مذاہب سے بالاتر ہو کر بحیثیت مسلمان وحدت کے ساتھ دشمن کی جنایت کے خلاف کھڑے ہوں کہ یہ خونخوار ریاست خس وخاشاک کی طرح بہہ جائے، یہ ہم سب کا فریضہ ہے کہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے اس مشکل وقت میں معاون و مددگار بن جائیں۔