او جی ڈی سی ایل کی جانب سے کمیونٹی ویلفیئر کے عزم کے ساتھ ضلع گھوٹکی میں 9 ایمبولینسزکا عطیہ

اسلام آباد(سی این پی)کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں 9 جدیدایمبولینسیں تقسیمکیں۔ پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹرمیں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کے اقدامات میں سب سے اہم کردار ادا کرنے والے ادارے، او جی ڈی سی ایل نے ملک بھر کی کمیونٹیز کو کل 100 ایمبولینسیں عطیہ کرکے صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو تقویت دینے کے لیے تبدیلی کا سفر شروع کیا ہے۔اس سلسلے میں ایک پر وقار تقریب ڈپٹی کمشنر آفس گھوٹکی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں مہمان خصوصی نگران وزیر اعلی سندھ ریٹائرڈ جسٹس مقبول باقر کے علاوہ نگران وزیر داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اور بہت سے معززین علاقہ نے شرکت کی۔

او جی ڈی سی ایل کی طرف سے نئی عطیہ کردہ ایمبولینسیں ہنگامی صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں نمایاں بہتری لائیں گی۔ یہ ایمبولینسیں ریفرل سسٹم کو تقویت دینے میں اہم کردار ادا کریں گی جو کہ جامع صحت کی کوریج کے حصول کا ایک اہم جزو ہے۔ یہ نظام خاص طور پر دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کے لیے بھی اہم ہے جو نقل و حمل کے متحمل نہیں ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے او جی ڈی سی ایل کی شاندار کاوشوں کو سراہتے ہوئے ادارے کی صحت عامہ کی جانب خصوصی توجہ کی تعریف کی اور بعد ازاں 9 ایمبولینسیں ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گھوٹکی کے حوالے کیں تاکہ اندرون ضلع پہلے سے نامزد رورل ہیلتھ سینٹرز (RHC) اور بنیادی صحت یونٹس (BHU) میں تقسیم کی جائیں۔صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے میں او جی ڈی سی ایل کا تعاون کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کے لیے کمپنی کے غیر متزلزل عزم کو ظاہر کرتا ہے، جو معاشرے پر مثبت اور دیرپا اثرات مرتبکرنے میں سی ایس آر کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔