راولپنڈی(سی این پی ) پاک فوج نے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے میانوالی ٹریننگ ائیربیس پر اتوار کی علی الصبح حملے کی کوشش کی جس پر پاک فوج نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیا، دہشت گردوں کے حملے پر پاک فوج نے بر وقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر حملہ ناکام بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاک فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ابتدائی طور پر 3 دہشت گرد مارے گئے، اس دوران پہلے سے گراونڈ کیے گئے 3 طیاروں اور فیول باوزر کو نقصان پہنچا اور جوانوں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔آئی ایس پی آر سے معلوم ہوا ہے کہ دوسرے مرحلے میں مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن کیا گیا جس کو کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا، حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان، پسنی اور میانوالی میں حملہ آور دہشت گردوں کے نام الگ ضرور ہوں گے لیکن پس پردہ دشمن ایک ہی ہے، دہشت گردی کی حالیہ لہر پاکستان کو دوبارہ بے یقینی اور عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے، تمام سول اور ملٹری ادارے یک جان ہو کر خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع کریں گے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت اور میانوالی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر حملے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے، انہوں نے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔بتایا گیا ہے کہ صدر پاکستان نے میانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی بھی مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں، مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔