اسلام آباد(سی این پی )سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر گمشدگی کیس کی سماعت پر محفوظ فیصلہ سنا دیا گیا۔ فیصلے میں کہاگیا ہے کہ سائفرکیس کی آئندہ سماعت جیل میں ہی اور اوپن کورٹ ہوگی۔خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت کی۔جیل حکام نے عدالت میں رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عمران خان کو پیش نہیں کیا جا سکتا ،اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش کرنے سے معذرت کرتے ہوئے عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا۔ ایف آئی اے پراسیکوٹر شاہ خاور نے جیل سپرنٹنڈنٹ کا لیٹر پڑھ کر سنایا،وکیل سلمان صفدر نے جیل رپورٹ پڑھ کرسنائی اور کہا کہ اسپیشل کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔جیل سپرنٹنڈنٹ کا چیئرمین پی ٹی آئی کو اندر رکھنے میں کون سا انٹرسٹ ہے۔یہ لیٹر چیئرمین پی ٹی آئی کی حد تک ہے، شاہ محمود قریشی کی حدتک نہیں۔شاہ محمود قریشی کو اب تک نہیں پیش کیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ جتنے مرضی نوٹی فکیشن لائیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔عوام کو رسائی ہونی چاہئے، میڈیا کو عدالت تک رسائی ہونی چاہئے۔عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں فیصلہ سنا دیا جس میں کہاگیا کہ سائفر کیس کی آئندہ سماعت جیل میں ہی ہوگی۔ اوپن کورٹ ہوگی، اور میڈیا اور پبلک کو بھی شرکت کی اجازت ہوگی۔عدالت نے کہا کہ کیس کی آئندہ سماعت جمعہ کو ہوگی۔جس میں پہلے کی طرح 5،5 فیملی ممبران کو بھی اجازت ہوگی۔