اسلام آباد(سی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے بلے کے نشان کو بچانے کے لئے بانی راہنما اکبر شیر بابر نے10 سال بعد بانی چیئرمین عمران خان سے بلواسطہ رابطہ کرلیا
اپنے ویڈیو پیغام میں اکبر شیر بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی میں انٹرا پارٹی کے نام پر ڈھونگ رچایا گیا، فی الفور انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم کرکے شفاف الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے
پارٹی آئین کے مطابق الیکشن کے قواعد اور ووٹرز لسٹ دی جائیں، پارٹی کے بانی راہنماﺅں اور کارکنوں کو بنیادی آئینی و قانونی حق سے محروم کیا گیا
کارکن آپ کے لئے ڈنڈے کھاتے اور جیلیں بھگتتے ہیں، انہیں ووٹ کے جمہوری و آئینی حق سے کیوں محروم کر رہے ہیں،پارٹی کو آئین کے مطابق چلانا ہو گا
انہوں نے مزید کہا کہ بانی چئیرمن جیل میں ہیں، اس لئے وڈیو پیغام جاری کر رہا ہوں، آپ نے پی ٹی آئی کو آئین کے مطابق نہ چلایا تو پارٹی قانونی مشکلات کا شکار ہو جائے گی
بلے کا نشان لینے کے لئے اگست 2002 میں درخواست میں نے ہی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی، پارٹی کے مرکزی دفتر گیا، کاغذات نامزدگی، ووٹرز لسٹ، انتخابی قواعد و ضوابط مانگے
اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ ان میں سے کوئی چیز عملے سمیت موجود ہی نہیں تھی،یہ بنیادی تقاضے ہر الیکشن کے لئے ضروری ہیں، جعلی الیکشن کی وجہ سے پی ٹی آئی مزید خطرات سے دوچار ہوگئی ہے
بانی راہنما پارٹی الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں،بانی راہنما اور آپ کے فرسٹ کزن سعید اللہ نیازی بھی انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں، پارٹی راہنماﺅں اور کارکنوں کو ان کے بنیادی آئینی حق سے محروم کیاگیا۔