بانی چیئرمین تحریک انصاف توشہ خانہ کیس میں بھی گرفتار،عبوری ضمانت خارج

راولپنڈی(یو این آئی) احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، نیب ٹیم کل عمران خان کا ریمانڈ حاصل کرے گی۔

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی جو کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو ہوئی۔جج نے عمران خان کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنادیا گیا۔

جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ بادی النظر میں توشہ خانہ تحائف وصولی میں بے قاعدگیاں ہوئیں۔

نیب نے سابق وزیر اعظم کی توشہ خانہ کیس میں بھی گرفتاری ظاہر کردی ہے۔ نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا ہے کہ کل ہم سابق وزیر اعظم کا توشہ خانہ کیس میں جسمانی ریمانڈ حاصل کریں گے۔بعدا زاں القادر یونیورسٹی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم کی درخواست ضمانت سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔