کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں دائرکرنے کا مرحلہ شروع

اسلام آباد(سی این پی) 8 فروری کو ہونے والے قومی انتخابات کا تیسرا اہم مرحلہ آج سے شروع ہوگیا۔ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف امیدوار آج اپیلیں دائر کر رہے ہیں۔

این اے 89 اور 90 میانوالی سے تحریک انصاف کے امیدوار عمیر خان نیازی نے اپیل دائر کر دی جو سماعت کیلئے منظور کر لی گئی۔ جسٹس چودہری عبدالعزیز نے ریٹرننگ آفیسر میانوالی اور الیکشن کمشنر پنجاب کو نوٹس جاری کرکے کل تک تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی اور دیگر حلقوں سے آزاد امیدواروں نے الیکشن ٹربیونل میں اپیلیں دائر کردیں۔

پی پی 290 ڈی جی خان سے پاکستان تحریک انصاف کے محی الدین کھوسہ اور پی ٹی آئی کی زرتاج گل نے این اے 185 ڈی جی خان سے کاغذات مسترد کیے جانے پر اپیلیں دائر کردیں۔

پی ٹی آئی کے امیدوار شعیب شاہین نے اسلام آباد کے تین قومی اسمبلی کے حلقوں سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف اپیل دائر کردی۔

خیبر پختونخوامیں بھی الیکشن ٹربیونل میں پی ٹی آئی کے 8 امیدواروں نے اپیلیں دائر کردیں

جن میں این اے 21 مردان سے مجاہد خان، ظاہر شاہ طورو پی کے 57، عبدالسلام آفریدی پی کے 58 ، افتخار مشوانی پی کے 60، امیر فرزند خان پی کے 56، این اے 35 کوہاٹ آفتاب عالم ، این اے 31 ہنگو سے یوسف خان، ہنگو سے ابو تراب شامل ہیں۔

آج یکم جنوری سے 3 جنوری یعنی بدھ تک اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ ہائی کورٹس میں امیدواروں کی اپیلوں کی وصولی کے لئے خصوصی سیل بنا دیا گیا ہے۔