پاک ایران کشیدگی :چین ،روس اور افغانستان میدان میں آگئے

بیجنگ(سی این پی)پاک ایران کشیدگی کے معاملے پر دوست ممالک چین،روس اور افغانستان کا موقف سامنے آگیا ہے،تینوں ممالک نے اسلامی ملکوں کے درمیان کشیدگی کو دشمن کی سازش قرار دیدیا

چین نے خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی علاقوں پر کارروائیوں کے تبادلے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال میں فریقین کے درمیان ثالثی کے لیے تیار ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نینگ نے معمول کی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ چین کو توقع ہے کہ دونوں فریقین تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں گے اور کشیدگی سے گریز کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ اگر دونوں فریقین چاہیں تو ہم صورت حال بہتر کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

ماؤ نینگ کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان ہمارے دوست ممالک ہیں اور دونوں اثرو رسوخ رکھنے والے ممالک ہیں۔پاکستان اور ایران دونوں چین کے انتہائی قریبی اتحادی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ہیں۔

ادھرروس نے ایران اور پاکستان سے اپیل کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اختلافات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان اور ایران کشیدگی کو طول دیکر ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنیں جو خطے میں امن نہیں چاہتے۔

ترجمان زاخارووا نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کی خود مختار سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف کوئی بھی کارروائی اس ملک کے حکام کے ساتھ معاہدے اور ہم آہنگی کے ساتھ کی جانی چاہیے۔