مرتضی سولنگی نے پلاٹ کی الاٹمنٹ کا معاملہ سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب ،سیکرٹری اور صحافیوں کی کمیٹی پر ڈال دیا

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے نیشنل پریس کلب میں پلاٹ متاثرین صحافیوں کی کمیٹی سے خصوصی گفتگوکی۔ ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کے بہارہ کہو فیز ون میں صحافیوں کو پلاٹ الاٹ کیے گئے، اس متنازعہ فہرست کے جاری کرنے میں آپ کا یا آپ کی وزارت کا کیا کردار ہےجس پر ان کا کہنا تھا کہ الاٹیوں کی جو لسٹ جاری کی گئی ہے اس پر واضح تاریخ لکھی ہوی ہے موجودہ حکومت کا یا موجوہ سیکرٹری کا اس لسٹ سے کوئی لینا دینا نہیں، اس وقت کے وزیر اور سیکرٹری سے پوچھا جانا چاہیے اور صحافیوں کے جن سٹیک ہولڈرز نے اس لسٹ کی تصدیق کی تھی ان سے بھی پوچھا جانا چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی سے ایک اور سوال کیا گیا کہ الاٹیوں کی فہرست میں آپ کا بھی نام آیا ہے ، اس وقت پلاٹ کیلیے اہلیت کیا تھی جس پر ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کی اہلیت کے مطابق مختلف لوگوں نے اپلائی کیا ، جن لوگوں نے اہلیت کا تعین کیا وہی اس لسٹ کے جوابدہ ہیں۔ میری وزارت کے دوران ان الاٹمنٹس پر کوئی کام نہیں ہوا

متاثرہ صحافی جنہیں اس فہرست پر اعتراض ہے وہ کس فورم سے رجوع کریں جس پر ان کا کہنا تھا کہ ملک کے قانون کے تحت اس فہرست کے متاثرہ صحافیوں کو ان امور سے متعلقہ قوانین کے تحت عدالت سمیت ہر فورم پر جانے کا حق حاصل ہے

ان سے پوچھا گیا کہ الاٹیوں کی فہرست جاری کرتے وقت عمر، تجربے یا اپلائی کرتے وقت بھی سینیارٹی کا خیال نہیں رکھا گیا ، اس پر آپ کیا کہیں گے،جس پر انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اہلیت کا تعین کیا، الاٹیوں کی فہرست بنائی ، فہرست کی تصدیق کی۔ متاثرہ صحافی ان سے جوابدہی کا حق رکھتے ہیں۔ میں ایک ذمہ دار پوزیشن پر ہوں اس لیے اس مسئلے پر ذاتی رائے نہیں دوں گا۔