نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گو ہر اعجاز نے تھانہ گولڑہ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اسلام آباد (سی این پی)نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گو ہر اعجاز نے تھانہ گولڑہ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔،نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت کے 13تھانہ جات کی تزئین و آرائش بھی شروع کر دی گئی،30یوم میں ان تھانہ جات کو جدید سہولتوں اور جدید تکنیکی وسائل سے آراستہ کر دیا جائے گا، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے ساتھ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی شناخت کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس تھانہ گولڑہ کی نئی عمارت کی تعمیر کے سنگ بنیاد کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں نگران وفاقی وزیر برائے داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم نے مجھے وزارت داخلہ کی امانت سونپی تو پہلے ہی روز آئی سی سی پی او اور چیف کمشنر اسلام آباد کے ساتھ ملاقات کر کے ان سے مسائل پوچھے، جس پر آئی سی سی پی او نے بتایا کہ اسلام آباد کے 26 پولیس تھانوںمیں سے 13 تھانوں کی حالت ایسی ہے کہ آپ کو بطور وزیر داخلہ وہاں کا دورہ بھی نہیں کروایا جا سکتا،جس پر میں نے اس صورتحال پر سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام کو ہدایت دی کہ اسلام آباد کے ان تھانہ جات کی فوری تزئین و آرائش کی جائے ،جس کے بعد آج پیر سے اسلام آباد کے 13 تھانوں میں تزئین و آرائش کا کام شروع ہوجائے گا، تھانہ جات کی تزئین و آرائش کا کام 30 یوم کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ تھانوں میں پولیس افسران اور جوان 24 گھنٹے گذارتے ہیں ،عوام الناس بھی اپنے مسائل کی داد رسی کے لئے تھانوں میں آتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ ، امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے ساتھ پولیس کی شناخت کو بھی مزید بہتر بنایا جائے

،اس موقع پر آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورس بے شک تعداد میں کم ہے،لیکن اس فورس نے گزشتہ عرصہ کے دوران وفاقی دارلحکومت میں امن و امان کے قیام ،شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور جرائم کے انسداد میں اہم کردار ادا کیا ہے،انہوں نے تھانہ جات کی تزئین و آرائش شروع کروانے پر پوری فورس کی جانب سے نگران وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ فورس وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے انسداد اور شہریوں کو سہولیات بہم پہنچانے میں ہمیشہ مصروف عمل رہے گی،تقریب سے قبل آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبرناصرخاں نے نگران وفاقی وزیر داخلہ کا استقبال کیا،پولیس کے چاک و چوبند دستے نے نگران وفاقی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی،تقریب کے دوران نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے اسلام آباد کیپیٹل پولیس تھانہ گولڑہ کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا، اس موقع پر آئی سی سی پی او ، سینئر پولیس افسران سمیت بڑی تعداد میں پولیس افسران و جوان ،انجمن تاجران کے نمائندوں ور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔