بھارتی مظالم کو روکنے کے لیے 8 فروری کو کامیابی بہت ضروری ہے،بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد(سی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکنے اور کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے 8 فروری کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کی بھاری اکثریت سے جیت ضروری ہے،پاکستان میں نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کرکے قوم کو اتحاد و اتفاق کی طاقت میں پِرونا کشمیر کاز کے لیے ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ۔بلاول بھٹو نے کہا قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کہ شہ رگ قرار دیا تھا۔قائدِ عوام شہید بھٹو نے قائدِ اعظم کے موقف کو آگے بڑھایا۔شہید بھٹو نے کہا تھا کہ اگر ہمیں کشمیر کی خاطر ایک ہزار سال تک جنگ لڑنا پڑی، تو لڑیں گے۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر سال 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا تاریخی فیصلہ کیا: بلاول بھٹو زرداری نے کہا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس فیصلے نے کشمیر کاز کو ناقابلِ تسخیر بنادیا۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس اقدام کی گونج دنیا کے ہر کونے میں سنائی دیتی ہے۔میں بھی وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلوں گا۔بلاول بھٹو نے کہا انشا اللہ وزیر اعظم منتخب ہو کر کشمیر کاز کو آگے بڑھاﺅں گا۔میں دنیا کے ضمیر کو جگاوَں گا کہ وہ کشمیریوں سے کیئے گئے اپنے وعدے پورے کرے۔انہوں نے کہا شہداءکشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔کشمیری عوام کو بدترین مظالم کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے حقِ آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے پر سلام۔