کوئٹہ(سی این پی) بلوچستان ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آگیا،پشین اور قلعہ سیف اللہ میںامیدواروں کے دفاتر کے باہر بم دھماکوں سے 24 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ پہلا دھماکہ پشین میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 47 میں انتخابی دفتر کے باہر دھماکا ہوا، جس میں 14 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے،واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ہے
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی نوعیت خودکش بتائی جاتی ہے، جس کے بعد سکیورٹی فورسز کی مزید نفری اور ریسکیو ٹیموںجائے وقوعہ پر پہنچ گئیں،ریسکیو اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ پشین میں خانوزئی کے علاقے میں ہوا، جہاں سابق صوبائی وزیر اور پی بی 47 سے آزاد امیدوار اسفندیار کاکڑ کے انتخابی دفتر کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا
اسسٹنٹ کمشنر پشین نے خانوزئی میں ہونے والے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر ہوا، دھماکے کے بعد علاقے میں کھڑی موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں،دھماکے کے بعد کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں موٹر سائیکلیں تباہ ہوئی ہیں جب کہ دھماکے کے وقت انتخابی دفتر کے قریب کافی لوگ موجود تھے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسرا دھماکہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے انتخابی امیدوار مولانا عبدالواسع کے دفتر کے باہر ہوا جس کے نتیجے میں 10 جاں بحق اور متعدد زخمیوں کی اطلاعات ہیں،۔ نگران وزیر داخلہ جان اچکزئی نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھما کے میں دس افراد جاں بحق جبکہ آٹھ زخمی ہوے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں مولانا عبدالواسع محفوظ رہے ہیں ۔ انہوں نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوے کہا کہ ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ہسپتال حکام کے مطابق دونوں دھماکوں میں 24 افراد کی لاشیں ہسپتال میں پڑی ہیں اور متعدد زخمی ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے ،حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،دریں اثنا سیکرٹری صحت نے پشین دھماکے کے پیش نظر کوئٹہ کے تمام اسپتالوں میں اضافی عملہ طلب کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹراما سینٹر ، سول اسپتال ، بی ایم سی ، بینظیر اسپتال اور شیخ زید اسپتال میں آپریشن تھیٹر بمعہ عملہ الرٹ رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ میڈیا اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔علاوہ ازیں نگراں وزیر داخلہ نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے۔ اتحاد اور اتفاق سے دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہوگا۔