راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کے وفد کی اسلام آباد ہائیکورٹ آمد، نومنتخب باڈی کو مبارکباد

اسلام آباد (سی این پی) آر آئی یو کے صدر طارق علی ورک، سیکریٹری آصف بشیر چودھری، فنانس سیکریٹری ندیم چودھری، نائب صدر عمار برلاس اور ممبران گورننگ باڈی رانا فرحان اسلم اور کامران چودھری پر مشتمل وفد نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا وزٹ کر کے اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر فیاض محمود ، سیکریٹری محمد عمران ، سینیئر نائب صدر حسین چودھری، نائب صدر عنبرین علی، سیکریٹری اطلاعات فرح مہہ جبین اور نومنتخب کابینہ کے دیگر تمام اراکین کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر آر آئی یو جے کی قیادت نے ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ارکان کو صحافی برادری کے لیے جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا اور صحافتی برادری کے مسائل اور قانونی جنگ میں شانہ بشانہ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر فیاض محمود نےآر آئی یو جے کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی تنظیم کی جانب سے صحافی برادری کے قانونی حقوق کے لیے ہرممکن جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انتہائی گرمجوشی کے ماحول میں ہوئی ملاقات میں معروف صحافی اور ایسوسی ایشن کے سابق صدور اویس یوسفزئی، اسد ملک، عامر عباسی، سابق سیکریٹریز احتشام کیانی اور ذیشان سید کے علاوہ عادل سعید عباسی، ادریس عباسی اور دیگر سینیئر صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی آر آئی یو جے کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کی نومنتخب باڈی کو پھول پیش کیے گئے۔