اسلام آباد (سی این پی)حکومت سازی کیلئے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں میں بڑی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے
پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں ،دونوں پارٹیوں کے درمیان ایک معاہدے کی دستاویز پر دستخط کر دیئے گئے ہیں ۔
معاہدے کے تحت وزیر اعظم پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہوگا ،شہباز شریف کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی ہو گا اور آصف زرداری کے نام پر اتفاق پیدا کیا گیا ہے
معاہدے کے تحت سپیکر قومی اسمبلی مسلم لیگ (ن) سے ہوگا جبکہ چیئرمین سینیٹ کے لئے پیپلز پارٹی سے ہوگا ،معاہدے کے مطابق پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی
بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان حکومت سازی کے لئے تمام معاملات طے پا گئے ہیں، ہم ن لیگ کی بھر پورسپورٹ کریں گے اور مسائل کے حل کے لئے ن لیگ کا ساتھ دیں گے
بلاول نے مزید کہا کہ شہباز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے اور صدر پاکستان آصف زرداری ہوں گے ،صدر مملکت کے لئے حمایت کرنے پر ن لیگ کے مشکور ہیں ۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہیں ان کو آفر ہے کہ وہ حکومت بنانا چاہیں تو ہم بھر پور ساتھ دیں گے ،ہم اپوزیشن کے بنچوں پر بیٹھنے کے لئے تیار ہیں،ان کے پاس حکومت بنانے کے لئے مطلوبہ تعداد نہیں ہے ،ہمارے پاس مطلوبہ تعداد پوری ہوگئی ہے اور ہم حکومت بنانے جارہے ہیں
انہوں نے کہا کہ اس وقت دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں ان کے خاتمے کے لئے بھر پور ایکشن لیں گے ،مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے حالات بہت خراب ہیں ،معاشی حالات کو بہتر کرنے کے لئے اکٹھے کام کریں گے
شہباز شریف نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوںباالخصوص ایم کیو ایم کا مشکور ہوں اور ہم سب ملکر آصف زرداری کو پانچ سال کے لئے صدر منتخب کریں گے ۔
اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ ہم سب پاکستان کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں، مسائل بہت زیادہ ہیں، قوم دعا کرے ہم اس میں سرخرو ہو جائیں تا کہ آنے والی نسلیں اپنا بہتر مستقبل دیکھ سکیں