اسلام آباد(سی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس اور توشہ خانہ کیس میں سزاوں کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کی اپیلوں پر خصوصی بینچ تشکیل دے دیا، سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی اپیلوں کی سماعت بھی پیر کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے پیر کو پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں، اسی طرح سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشری بی بی کی توشہ خانہ اپیل بھی پیر کو ہی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ان درخواستوں کی سماعت کے لیے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل خصوصی بینچ تشکیل دیا گیا ہے، بینچ کی جانب سے عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی درخواستیں بھی ساتھ ہی سنی جائیں گی۔
علاوہ ازیں سابقہ خاتون اول بشری بی بی نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کیخلاف اسلام آباد کی سیشن کورٹ سے رجوع کرلیا، اس ضمن میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ غیر قانونی، غیر اسلامی، غیر شرعی اور انصاف کے برخلاف ہے، اس لیے درخواست میں استدعا کی جاتی ہے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ادھر لاہور ہوئی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے، اس حوالے سے جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ درخواست پر 26 فروری کو سماعت کرے گا، جہاں پی ٹی آئی کے قائد عمران خان نے توہین الیکشن کمیشن کے مقدمے میں جیل ٹرائل کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، عدالت نے درخواست کے دائرہ اختیار سے متعلق دلائل طلب کررکھے ہیں۔