190 ملین پاونڈ ریفرنس : عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

راولپنڈی (سی این پی) 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی تاہم پاکستان تحریک انصاف کے قائد اور سابقہ خاتون اول نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں ریفرنس پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا

دورانِ سماعت جج ناصر جاوید رانا نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کی، احتساب عدالت کے جج نے کمرہ عدالت میں فردِ جرم پڑھ کر سنائی، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے قائد اور سابقہ خاتون اول نے صحت جرم سے انکار کیا، جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے 5گواہان کو طلب کر لیا۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کی جانب سے دائر کی جانے والی 2 درخواستیں بھی منظور کرلیں، ایہ درخواستیں ڈینٹسٹ اور جنرل فزیشن سے چیک اپ کے لیے دائر کی گئیں، بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔