لاہور(سی این پی پاکستان سپر لیگ سیزن نائن کے 14 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 60 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے 214 رنز کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 17 اوورز میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ رواں ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کی مسلسل چھٹی شکست ہے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے صاحبزادہ فرحان 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ فخر زمان کی ناکامیوں کا سلسلہ اس میچ میں بھی جاری رہا اور وہ صرف 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
رسی وینڈیر ڈوسن نے 30، کامران غلام نے 12، سکندر رضا نے 17 رنز بنائے۔
کپتان شاہین شاہ آفریدی 9 رنز، سلمان فیاض 8 رنز، جارج لنڈے 5 رنز اور زمان خان صرف ایک رن ہی بناسکے جبکہ جہانداد خان صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے اسامہ میر نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ فیصل اکرم نے 2، آفتاب ابراہیم اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین پہنچایا۔
قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور ریزا ہینڈرکس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد رضوان پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
عثمان خان نے 55 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ریزا ہینڈرکس اور افتخار احمد نے 40، 40 جبکہ طیب طاہر نے 21 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کی طرف سے شاہین آفریدی نے 2، کارلوس براتھویٹ اور سکندر رضا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
رواں ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں اپنے چھ، چھ میچز کھیل چکی ہیں جس میں لاہور قلندرز کوئی میچ نہیں جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر 0 پوائنٹ کے ساتھ آخری پوزیشن ہے۔
ملتان سلطانز کو ایک میچ میں شکست جبکہ 5 میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔