ٹیلن نیوز کی اچانک بندش پرآر آئی یو جےکا غم و غصے کا اظہار،فوری واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ

اسلام آباد(سی این پی)راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کی جانب سے ٹیلن نیوز کی اچانک بندش پر شدید غم و غصے کا اظہار ۔ ماہ رمضان میں ورکروں کو واجبات کی ادائیگی کے بغیر ملازمت سے برخاست کرنے کی شدید مذمت، سیلری اور واجبات میں تاخیر ناقابل برداشت ہے فوری ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

ٹیلن نیوز کی اچانک بندش پر آر آئی یو جے کی منتخب باڈی نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، صدر طارق ورک، سیکریٹری آصف بشیر چودھری، سیکریٹری خزانہ ندیم چودھری اور منتخب باڈی نے ٹیلن نیوز کے مالکان اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے، انتظامیہ کی جانب سے آج جمعرات کے روز ورکرز کو ادائیگیوں کے لیے کیا گیا پہلا وعدہ وفا نہیں ہو سکا، اگر ورکرز کو واجبات کی فی الفور ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی تو ٹیلن نیوز، اسلام آباد بیورو کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

آر آئی یو جے کی قیادت کا کہنا ہے کہ انسانیت کا تقاضا تھا کہ مالکان ماہ مقدس میں ورکروں اور ان کے اہل خانہ کو بے یارو مددگار چھوڑنے سے قبل قانون کے مطابق بقایا جات کی ادائیگی کو یقینی بناتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ نے بے روزگار ہونے والے تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو بھی اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم اپنے مزدور ساتھیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور واجبات کی ادائیگی کے لیے کسی حد تک جانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

سیکرٹری آر آئی یو جے کے مطابق بے روزگار صحافیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر آر آئی یو جے عید کے فورا بعد دو ورکشاپس کا انعقاد کر رہی ہے جس میں بے روزگار صحافیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے روزگار کمانے اور برسرروزگار صحافیوں کی کپیسٹی بلڈنگ اور تحقیقاتی صحافت کے ٹولز بارے مکمل آگاہی دی جائے گی،صحافی برادری سے التماس ہے کہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق کپیسٹی بلڈنگ کر کے خود کو جدید تقاضوں کے مطابق روزگار کمانے کے لیے تیار کریں۔