وزارت ہائوسنگ اجلاس،محکمے میں بدعنوانی سے متعلق اہم مسائل سے نمٹنے پر غور

اسلام آباد(سی این پی) وفاقی وزیربرائے ہاوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے آج وزارت میں پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں تعمیراتی معیارات، عمارتوں کی دیکھ بھال، مرمت اور محکمے میں بدعنوانی سے متعلق اہم مسائل سے نمٹنے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران میاں ریاض حسین پیرزادہ کو پاک پی ڈبلیو ڈی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرشید نے محکمے کے نظم و ضبط اور کرکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کام کو بہتر بنانے اور سرکاری عمارتوں اور سڑکوں کی دیکھ بھال اور مرمت کی خدمات کو بڑھانے کے مقصد سے سخت اقدامات پر عمل درآمد کریں۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے بدعنوانی کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور محکمے میں شفافیت اور احتساب کو فروغ دینے کے لیے بدعنوانی کے خاتمے کی ناگزیر ضرورت پر زور دیا۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر نے ڈی جی پی ڈبلیو ڈی کو بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کو نافذ کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔ مزید برآں مختلف حلقوں کے رکے ہوئے ترقیاتی فنڈز کے مسئلے پر توجہ دلاتے ہوئے وزیر ہائوسنگ نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ فنڈز کے اجراء کو بلا تاخیر تیز کیا جائے۔اجلاس میں سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش، تمام زونز کے چیف انجینئرز اور وزارت اور پی ڈبلیو ڈی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔