اسلام آباد(سی این پی) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو فون کیا اور وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے ٹیلی فون کال کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کے عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد بھیجے گئے مبارکباد کے پیغام پرسعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناو¿ں اور دعاو¿ں کا بھی اظہار کیا
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام شاہ سلمان اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتے ہیں۔ انہوں نے سعودی قیادت کے ساتھ ساتھ سعودی عوام کو بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت قابل تعریف ہے۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم کی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔