اسلام آباد (سی این پی)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات، گردشی قرضے اور لائن لاسزمیں کمی، بجلی چوری کی روک تھام ،سستی بجلی کے حصول ، لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے خاتمے سمیت ملک میں توانائی کے مسائل کے مستقل حل کے لئے سردار اویس احمد خان لغاری کو وزارت توانائی کا قلمدان تفویض کر کے ان پر بھرپور اعتماد کااظہار کیاہے۔ 2002ءکے عام انتخابات کے بعد انہیں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کاقلمدان سونپا گیا۔ب
طور وفاقی وزیر آئی ٹی وٹیلی کام ان کے دور میں ٹیلی کام کے شعبے میں ڈی ریگو لیشن کو فروغ ملا اور پی ٹی سی ایل کی کامیاب نجکاری کی گئی۔ ٹیلی کام سیکٹر میں مسابقت کی فضا شروع ہوئی جس کا صارفین کو بہت فائد ہ ہوا ۔ ان کی وزارت کی مدت میں پاکستان میں آئ ٹی و ٹیلی کام کے شعبےمیں مختلف نئے منصوبے شروع کئے گئے۔ ملک بھر میں ٹیلی مواصلات کی سہولیات کو عام آدمی تک پہنچانے میں ان کا نمایاں کردار رہا۔ اس کے علاوہ آئی ٹی کی برآمدات میں بھی ریکارڈاضافہ ہوا۔سردار اویس احمد خان لغاری کا کامیاب شعبہ جاتی اصلاحات کو متعارف کرانے کے حوالے سے اہم نام ہے۔
سردار اویس احمد خان لغاری 2013ء سے 2017 ءتک قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین بھی رہے اور اپنی مدت کے دوران انہوں نے پاکستان کے مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے قائمہ کمیٹی کی سفارشات کی تیاری میں قائدانہ کردار اداکیا۔سرداراویس احمد خان لغاری پہلےبھی 2016ء سے 2018ء کے درمیان ایک سال سے زیادہ عرصہ پاور ڈویژن کے وفاقی وزیر رہ چکے ہیں۔اپنے اس دور میں انہوں نے صارفین کی سہولت کیلئے بجلی کےشعبے میں نیٹ میٹرنگ کو متعارف کرایا جس کے بعد صارفین کی طرف سے شمسی توانائی سے سستی بجلی خود بنانے اور استعمال سے زائد بجلی حکومت کو فروخت کرنے کا عمل تیزی سے شروع ہوا۔اپنے اسی دور میں انہوں نے صارفین کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے۔ اوور بلنگ کی روک تھام کیلئے قانون سازی کرائی
،انہوں نے بجلی کی ترسیل و تقسیم کےنظام کو بہتر بنانے کے لئے سرمایہ کاری بڑھائی اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے ملکی ذرائع پر انحصار کےعلاوہ سستی ترین بجلی پیداور کیلئے بولی کے مسابقتی طریقہ کار کو متعارف کرایا۔ سردار اویس احمد خان لغاری کے دور میں بجلی کے نقصانات کو کم کرنے ،واجبات کی وصولی میں اضافے ، گردشی قرضے میں اضافےکو روکنے جیسے کامیاب اقدامات کئےگئے اور وہ وصولیوں کی بنیاد پر بجلی فراہمی کو فروغ دینے میں کامیاب رہے۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے2018ءتک مسلم لیگ (ن ) کے دور میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے ، پیداوار میں اضافے، لائن لاسزمیں کمی، واجبات کی وصولی بڑھانے ، ترسیل و تقسیم کے نظام سمیت ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار اداکیا۔