وزیر توانائی اویس احمد لغاری سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

اسلام آباد(سی این پی)ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر برائے توانائی،سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے توانائی کے شعبہ میں متعارف کرانے والی اصلاحات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے بتایا موجودہ حکومت پاکستان توانائی کے شعبہ میں تر جیہی بنیادوں پر وسیع پیمانے پر اصلاحات لا رہی ہے جس میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی مینیجمنٹ پرائیویٹ پارٹی سے لیکر ترسیلی نظام میں بہتری شامل ہے تاکہ موجودہ نظام سے ہونے والے نقصان پر قابو پایا جا سکے اور صارفین کیلئے سستی بجلی کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نے جنوبی پنجاب میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جس سے ہر سال روہد کوہیوں سے ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب آجاتی ہیں اور لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر نے بتایا موجودہ حکومت ان علاقوں میں چھوٹے ڈیمز بنانے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی اور تکنیکی معاونت درکار ہوگی۔ ان منصوبوں سے ان علاقوں میں غربت میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ ملاقات کے دوران کنٹری ڈائیریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک موجودہ حکومت کی کوشش کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی بھرپور معاونت کرے گا۔