سوئٹزر لینڈ کی سیاح خاتون سے ڈکیتی پر تھانہ گولڑہ کے ایس ایچ او معطل

اسلام آباد(سی این پی )وفاقی دارالحکومت میں تھانہ گولڑہ کی حدود شاہ اللہ دتہ ہائیکنگ ٹریک کے ذریعے ٹیکسلا میں سٹوپابدھاکے مجسمے اور ثقافت دیکھنے گئی سوئٹزرلینڈ کی سیاح خاتون اوراسکے پانچ ساتھیوں کوگن پوائنٹ پرلوٹنے کی واردات پرڈی آئی جی آپریشنز سید شہزاد ندیم بخاری نے ایکشن لیتے ہوئے تھانہ گولڑہ کے ایس ایچ او کومعطل کردیاہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے سوموار کی شام اچانک تھانہ گولڑہ کادورہ کیا اور ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ گولڑہ صفدر حسین کومعطل کردیا جبکہ سنگین جرائم کی بیخ کنی میں ناکامی پرایس ڈی پی اوتھانہ گولڑہ اور ڈی پی او صدر زون سے بھی وضاحت طلب کرلی ہے۔ڈی آئی جی شہزاد ندیم بخاری نے تھانہ گولڑہ میں گفتگو کرتے ہوئے معطل ایس ایچ اور پورے تھانہ کے عملہ و ایس ڈی پی او کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ شاہ اللہ دتہ ہائیکنگ ٹریل اسلام آباد کی حدود میں ہوں یاٹیکسلا کی جو سیاح اسلام آباد کی حدود استعمال کرتے ہوئے ہائیکنگ ٹریکس کی پارکنگ میں گاڑیاں لگاکر جارہے ہیں ان سیاحوں کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی ذمہ داری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے مذید کہاکہ ضلع بھرمیں جرائم کی روک تھام میں ناکام ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وفاقی پولیس کے سینئیر آفیسر نے رابطہ پربتایاکہ ڈی آئی جی نے سرپرائز دورہ کرکے تھانہ گولڑہ کاتمام ریکارڈ خود چیک کیا اس دوران انہوں نے تھانہ کی کارکردگی کابھی جائزہ لیا اور محرر و ایس ایچ او اور گشت افسران سے باز پرس کی۔ہائیکنگ ٹریکس سے جانیوالی سوئٹزرلینڈ کی خاتون سیاح اور اسکے پانچ ساتھیوں کے ساتھ راہزنی کے واقعہ پر ڈی آئی جی نےالگ سے انکوائری کی بھی ہدایت کردی ہے جسکی رپورٹ آنے پردیگرغفلت کے مرتکب ماتحت پولیس افسران کیخلاف بھی محکمانہ ایکشن کیاجائے گا جبکہ متعلقہ ایس ڈی پی او اور زونل ایس پی سے بھی چوبیس گھنٹوں کے اندر وضاحت طلب کی ہے۔