اسلام آباد(سی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ اور مسلم لیگ ن کے سردار سیدال خان ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے، انکے مقابلے میں کسی نے کاغذات نامزدگی جمع ہی نہیں کرائے۔
پریزائیڈنگ افسر اسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی اورسردار سیدال خان کی کامیابی کا اعلان کر دیا جس کے بعد پی ٹی آئی سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ ڈائس کا گھیراو¿ کر لیا۔ یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھانے کے بعد نشست سنبھال لی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ نے آزاد سینیٹرز کو حکومت اور اپوزیشن بینچوں میں بیٹھے سے متعلق مراسلہ تیار کرلیا ہے۔ اراکین کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کے لیے بھی نام مانگے گئے ہیں۔
نو منتخب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تمام سینیٹرز کو عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی لیڈر شپ اور اتحادی جماعتوں کا مشکور ہوں، میں تمام ممبران کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی کروں گا، سینیٹ فیڈریشن کی علامت ہے۔
قبل ازیں، نومنتخب اراکین سینیٹ کی حلف برداری کے لیے سینیٹ کے اجلاس میں اسحاق ڈار نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ارکان نے حلف لیا۔