آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن اور اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب

اسلام آباد( سی این پی)آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن اور اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔10دن کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔گزشتہ روزآئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے پاکستان سٹیٹ آئل سہالہ ڈپو سے پٹرولیم مصنوعات کم دینے کی وجہ سے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کرنے کا اعلان کیاتھا۔ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پی ایس او انتطامیہ کی جانب سے ناپ تول میں کمی کے خلاف پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند رہے گی۔ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جمشیدخان کی جانب سے پٹرول کی ترسیل گلگت بلتستان،راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں معطل کرنے کی دھمکی دی تھی ،ملک کے تمام ہوائی اڈوں کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی معطل رکھنے کا اعلان کیا تھا۔گزشتہ روزدن 12بجے تک سپلائی معطل رہی بعدازاں حکومت کی جانب سے مذاکرات کی یقین دہانی کرائی گئی جس کے بعد جمشید خان نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے مطالبات حل کرانے کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔ 10 دن میں وزارت پٹرولیم میں سیکرٹری پیٹرولیم کے ساتھ میٹنگ ہوگی جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔