پاک ایران معاہدوں کیخلاف امریکی دھمکیوں پر پاکستانی عوام سراپا احتجاج،حکومت سے منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ،ایران میں پٹرول 12 روپے اور پاکستان میں 295 روپے فی لیٹر ہے،شہری

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)پاکستان اور ایران کے درمیان ہونے والے 10 ارب ڈالر کے معاہدوں پر امریکی دھمکیوں پر عوام نے شدید رد عمل کاا ظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے امریکہ کو منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔

گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے بریفنگ کے دوران پاک ایران معاہدوں کے سوال پر پاکستان کو دھمکی دی ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کسی قسم کے معاہدے نہ کرے ،امریکی دھمکی پر پاکستانی عوام نے شدید ردعمل دیتے ہوئے مختلف شہروں میں شدید احتجاج کیا ہے ۔

احتجاج میں شامل شہری راشد محمودنے کیپیٹل نیوز پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس وقت امریکہ کی غلام بنی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ملک آج اس نہج تک پہنچ گیا ہے ،آج وہ ہمیں کھلے عام دھمکیاں دے رہا ہے کہ وہ کس ملک کے ساتھ معاہدے کرے اور کس ملک کے ساتھ معاہدے نہ کرے ۔ہم ان کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکہ کو فوری جواب دے ۔

ایک اور شہری جاوید اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے اور ہمیں پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے ہیں،آج ہمارے ایران کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے ہو رہے ہیں اور امریکہ کو تکلیف ہونا شروع ہوگئی ہے ،حکمرانوں کو غیر ت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور فوری طور پر امریکی دھمکیوں کو مسترد کرے ،ہم امریکہ کی غلامی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ۔

احتجاجی مظاہرے میں شامل شہری ملک عاطف،سبحان خان ،ذکااللہ،مصطفی خان ،سلیم خان اور دیگر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں پٹرول 12 روپے اور پاکستان میں 295 روپے فی لیٹر ہے اس وقت ملک میں پٹرول اور گیس کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں ،ایران ہمارا پڑوسی ملک ہے اور ہمیں ان سے سستا ترین پٹرول اور گیس مل سکتی ہے ،آج ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر امریکہ کو تکلیف ہو رہی ہے ،ہم ان کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غیرت کا مظاہرہ کرے اور فوری جواب دے

دوسری جانب ملک کی سیاسی ومذہبی جماعتوں نے بھی امریکی دھمکیوں کو مسترد کر دیا ہے اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ کی دھمکیوں سے کسی صورت نہ ڈرے اور دفتر خارجہ فوری طور پر امریکہ کو ان کی دھمکیوں کا جواب دے بصورت دیگر ملک بھر میں مظاہرے اور احتجاج کیا جائیگا اور کسی بھی ناگہانی صورت حال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔