اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے نے ڈپلو میٹک انکلیو اسلام آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کو قبضہ میں لے لیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون ملک کے مختلف حصوں میں جاری ہے ،بھاری مقدار میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمدکرلی گئی ہیں
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاو¿ن کیا اور ڈپلومیٹک انکلیو اسلام آباد میں واقع عیسی جی نامی میڈیکل سٹور میں چھاپہ مار کاروائی میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمدکرلیں
ترجمان کے مطابق چھاپہ مار کاروائی میں ڈریپ حکام بھی شامل ہیں،جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کو ڈریپ حکام کی موجودگی میں قبضے میں لے لیا گیا،مذکورہ ادویات بلیک مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت کی جارہی تھیں،مذکورہ ادویات کو ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا گیا
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف انکوائری درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ڈریپ حکام کی رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جائی گی۔جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے
ترجمان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں،چھاپہ مار ٹیمیں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے ساتھ مشترکہ کاروائیاں کر رہی ہیں۔کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہے،ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔