آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ڈولفن سکواڈکے افسران و جوانوں کو بریفنگ

اسلام آباد(کرائم رپورٹر) آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ڈولفن سکواڈکے افسران و جوانوں کو بریفنگ۔وفاقی دارلحکومت میں جرائم کی بیخ کنی کے لئے گشت کو موثر بنانے کے احکامات جاری کیے،پولیس افسران و جوان شہریوں کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آئیں،اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور دیانتداری سے ادا کرقیں،لوگوں کی خدمت کر کے اللہ کو راضی کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ڈولفن سکواڈ کے افسران و جوانوں کو بریفنگ دی،اس موقع پرسینئرپولیس افسران بھی موجود تھے،انہوں نے ڈولفن سکواڈ میں تعینات افسران و جوانوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میرا آپ لوگوں کے ساتھ ملنا ضروری تھا،مجھے اللہ نے یہ ذمہ داری دی ہے کہ میں آپ لوگوں کے ساتھ مل کر لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کر سکوں،آج کے بعد کنسٹیبل سے لے کر آئی جی تک تمام اہلکار پولیس آفیسر کہلائیں جائیں گے،آپ کا تعلق ایک ایسے محکمہ سے ہے جہاں اللہ کو راضی کرنے کا بہترین طریقہ اللہ کے بندوں کےلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے،ہم نے اللہ کے ساتھ جو وعدہ کیا ہے اور جو حلف اٹھایا ہے اس کی پاسداری کرنی ہے،انہوں نے مزید کہا کہ یہ محکمہ شہیدوں،غازیوں اور بہادروں کا محکمہ ہے،آپ نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کرنا ہے،آپ کا یونیفارم دیکھ کر جرائم پیشہ عناصر پر خوف طاری ہو جانا چاہیے،تمام پولیس افسران و جوان وفاقی دارلحکومت میں جرائم کی بیخ کنی کے لئے گشت کو مو ثر بنائیں،پکار 15کی کالز پر فوری ریسپانس کو یقینی بنائیں،زیادہ سے زیادہ لوگوں کی خدمت کریں ،خدمت خلق میں اللہ نے بہت اجر رکھا ہے۔