ولادیمیر پوتن کی جانب سے یوکرین میں فوجی آپریشن کا اعلان کیا گیا تو اس سے کچھ ہی لمحوں بعد اطلاعات کے مطابق یوکرین پر میزائل حملے اور شیلنگ شروع کر دی گئی۔
یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کرتے سائرن سنائی دینے لگے اور اس دوران ایسی تصاویر بھی سامنے آ رہی ہیں جس میں ایکسپریس وے پر گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں اور لوگ شہر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے پوسٹس سے بڑھتے خوف و ہراس کا پتا چلتا ہے۔ کچھ افراد یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ انھیں محفوظ پناہ گاہوں اور تہہ خانوں میں لے جایا جا رہا ہے۔
ٹیلی ویژن فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ سڑکوں پر دعائیں مانگ رہے ہیں اور گروہوں کی شکل میں اکھٹے ہیں۔
اخبار گارڈیئن کے صحافی لیوک ہارڈنگ جو اس وقت کیئو میں موجود ہیں نے ٹویٹ کیا کہ سڑکوں پر کم کم لوگ موجود ہیں لیکن اے ٹی ایمز پر خاصا رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔