اسلام آباد(کورٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کو عدالت نے بنی گالہ تھانے میں درج مقدمے سے بری کردیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں سول جج قدرت اللہ نے علی امین گنڈاپور سمیت تمام ملزمان کو مقدمے سے بری کردیا۔
دوران سماعت مدعی مقدمہ عامر زمان اپنے وکیل رضوان اعظم عباسی کے ساتھ عدالت میں پیش ہوا اور مو¿قف اختیار کیا کہ وقوعے میں زخمی ہونے والا شخص ملک سے باہر ہے۔
عدالت نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص کی اسکائپ کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران مدعی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے، ان سے کمپرومائز ہوچکا ہے۔ نامزد ملزمان کو بھی معاف کردیا ہے۔
اس دوران عدالت کے حکم پر بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیا گیا
جس میں عدالت نے استفسار کیا کہ آپ نے اس مقدمے میں راضی نامہ کرلیا ہے، جس پر محمد ولید نے جواب دیا کہ میں نے فی سبیل اللہ معاف کردیا ہے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور اور دیگر ملزمان کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں احتجاج کے دوران فائرنگ و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔