اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد پولیس کے زیر اہتمام فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت شہید ڈولفقار علی بھٹویونیورسٹی آ ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)کے 25طلباءنے پروگرام مکمل کر لیا،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ ہمارے لئے آپ کی ٹریننگ مکمل کرنا اور نئے بیج کا آنا ایک اہمیت کا حامل ہے،میرے لئے سب سے اہم اسکول کالجز تک جانا اور بہتر معاشرے کے لئے طلباءکی ذہن سازی کرناتھا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے شہریوں کوٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی فرینڈآف پولیس انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کررکھا ہے اس سلسلے میں اسلام آبادپولیس کی جانب سے شہید ڈولفقار علی بھٹویونیورسٹی آ ف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)کے 25طلباءپر مشتمل 36ویں بیج نے پروگرام مکمل کر لیا۔
اس موقع پر اقرایونیورسٹی کے طلباءبھی موجود تھے جو اس پروگرام میں حصہ لیں گے،اس سلسلے میں پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک ،یونیورسٹی طلباءاور اسلام آباد پولیس ایجوکیشن ٹیم کے ممبران شامل تھے۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے خطاب میں فرینڈز آف پولیس کو خوش آمدید کہا،ہمارے لئے آپ کی ٹریننگ مکمل کرنا اور نئے بیج کا آنا ایک اہمیت کا حامل ہے،میرے لئے سب سے اہم اسکول کالجز تک جانا اور بہتر معاشرے کے لئے طلباءکی ذہن سازی کرناتھا،پولیس کے لئے عوامی رائے بدلنا انتہائی مشکل عمل ہے،ہم اپنے پراسیس اور سروسز عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں تاکہ عوام کو پتہ چلے پولیس کیا ہے،میں بلند و بالا دعوؤں پر یقین نہیں رکھتا بلکہ عملی طور پر7 /24 کام کررہے ہیں،انہوں نے مزید کہاکہ سپاہی سے لے کر آئی جی تک سب ایک ٹیم کے طور پر کام کررہے ہیں،عوام کی خدمت کرنے والے اللہ کی طرف سے منتخب ہوتے ہیں،مشکل وقت میں سب سے پہلا ردعمل دینے والا محکمہ پولیس ہے،بدلتے دور کے ساتھ پولیس کوںعصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس 63 شہداءکے خون کی وارث ہے،وردی کسی بھی رنگ کی ہو ہمارا عہد ایک ہی ہے،ہم نے آپ سے وہ تعلق بنایا ہے جو دائمی ہے،پولیس کلچر مثبت عناصر پر مشتمل ہے اس سے منفی عنصر کو ختم کرنا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہم دوہفتوں کی انٹرن شپ شروع کررہے ہیںجس میںایک ہفتہ عمومی اور ایک ہفتہ خصوصی تربیت پر مشتمل ہے،والنٹیر ان پولیس، فرینڈز آف پولیس کا کردار ایک ہی ہے جس میں جرائم کی بیخ کنی میں عوامی اطلاع سب سے اہم ہے،آئیں ہمارا حصہ بنیں اور مل کر عوامی خدمت کریں ،تقریب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام کا انعقاد جاری رکھے گی۔