پول پروڈکٹس کے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر کنزیومر اور آپریشنل سیفٹی نہایت اہمیت کی حامل ہے،سیمینار

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے مورخہ 23 مئی 2024 کو ریٹیل آؤٹ لیٹس پر صارفین اور آپریشنل سیفٹی کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیاگیا، جس میں پیٹرول پمپس پر حادثات اور نقصانات میں کمی کے لیے حفاظتی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اوگرا کے آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ڈی جی آئل اور ڈی جی ایکسپلوزیو کے ہمرا ہ دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی ۔اس سیمینار کا بنیادی مقصد ریٹیل آؤٹ لیٹس پر ممکنہ حفاظتی خطرات اور معیاری آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عمل درآمد کی ضروریات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اس صنعت سے وابستہ ماہرین نے ناکافی حفاظتی اقدامات سے منسلک خطرات اور صارفین کی حفاظت کو یکسرنظر انداز کرنے کے نتائج کے بارے میں بصیرت افروز گفتگو کے ساتھ اپنے خیالات کابرملا اظہار کیا۔اس موقع پرپاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) کے ہمراہ، اس کے چیئرمین نے بھی تقریب کو اپنی موجودگی کا شرف بخشا۔دیگرشرکاء میں پی ایس او، شیل، ٹوٹل، ایس جی ایس، حسن حبیب کے ماہرین شامل تھے، جنہوں نے تفصیلی پریزنٹیشنز دیں، مزید برآں آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (OCAC)، آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن پاکستان (OMAP)، اٹک پٹرولیم لمیٹڈ (APL) اور گیس اور آئل پاکستان لمیٹڈ کے ماہرین کا ایک پینل بھی تقریب میں شامل شامل تھا۔چیئرمین اوگرا اور اتھارٹی ممبران نے ریٹیل آؤٹ لیٹس پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس موضوع کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ایسے ناگہانی واقعات کو کم سے کم کرنے اور صارفین کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔تمام شرکا نے آئل انڈسٹری میں حفاظتی خطرات سے نمٹنے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے سیمینار کے انعقاد پر اوگرا کی بھرپورتعریف کی۔ اس تقریب کو انڈسٹری کے تحفظ اور صارفین کو ممکنہ خطرات سے بچانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے با حفاظت اور زیادہ محفوظ ماحول کو یقینی بناتے ہوئے صارفین اور آپریشنل سیفٹی کو ترجیح دینے کے عزم کے ساتھ یہ سیمینار اختتام پذیر ہوا۔