ریاض حسین پیرزادہ کی زیرصدارت پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کا اجلاس،ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیرصدارت پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن (پی ایچ اے۔ایف ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 56واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش اور وزارت ہاؤسنگ، وزارت خزانہ، سی ڈی اے، ڈی جی ایف جی ای ایچ اے اور ایم ڈی پی ایچ اے ایف کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔بورڈ کے سامنے پی ایچ اے ایف کے مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایجنڈا آئٹمز پیش کیے گئے۔جن کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف جاری منصوبوں پر ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کے لیے مختلف تجاویز/حکمت عملیوں پر غور کیا گیا اور اس کے مطابق فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے دوران وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور اس سے منسلک محکموں ایف جی ای ایچ اے اور پی ایچ اے ایف کے ملازمین کو پلاٹوں/ فلیٹس کے الاٹمنٹ کوٹہ کی ریزرویشن پر بھی بات ہوئی۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے اس طرح کے کوٹہ کی ریزرویشن پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پی ایچ اے ۔ایف اور ایف جی ای ایچ اے وفاقی حکومت کے ملازمین کی طرف سے پلاٹوں/فلیٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے جمع کی گئی رقم کے محافظ ہیں۔ ان کا موقف تھا کہ یہ دونوں ادارے دراصل وفاقی سرکاری ملازمین کی محنت کی کمائی کے امانتدار ہیں۔ وزارت اور اس سے منسلک محکموں، پی ایچ اے-ایف، ایف جی ای ایچ اے اور ان اداروں میں مستعار خدمات پر آ ءےملازمین کو الاٹمنٹ کے لیے کوٹہ مختص کرنا ان کی خدمات کی شرائط میں شامل نہیں ہے۔ لہٰذا مستقبل میں ان کی الاٹمنٹ اوپن میرٹ کی بنیاد پر کی جائے۔ وزیر نے مزید ہدایت کی کہ اس ایجنڈے کے آئٹم کوپی ایچ اے۔ایف اور ایف جی ای ایچ اےکے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے آئندہ اجلاسوں میں فیصلے کے لیے شامل کیا جائے۔مزید برآں، میاں ریاض حسین پیرزادہ نے پی ایچ اے ۔ ایف کی جانب سے 2400cc لگژری گاڑی کی خریداری پر ناراضگی کا اظہار کیااور اسےوفاقی حکومت کے ملازمین کی محنت سے جمع کرائی گئی رقم کا غلط استعمال قرار دیا۔ بورڈ نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ اس گاڑی کو فوری طور پر شفاف عمل کے ذریعے نیلام کردیا جانا چاہیے۔