بلاول بھٹو سے گورنر کے پی کی ملاقات،بجٹ میں چشمہ لفٹ کنال کی رقم مختص کرنے پر اظہار تشکر

اسلام آباد(خصوصی وقائع نگار)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا نے وفاقی حکومت کی جانب سے چشمہ لفٹ کینال اور چکدرہ چترال موٹر وے کے لیئے بجٹ میں رقم مختص کرانے میں چیئرمین کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح چشمہ رائیٹ بنک کینال میرے نانا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید کا ڈیرہ کے عوام کے لیئے تحفہ دیا تھا اسی طرح آج چشمہ لفٹ کینال منصوبہ مسلم لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کا تحفہ ہے ، انہوں نے کہا کہ چکدرہ چترال موٹر وے دیر اور ملحقہ علاقوں کی آبادی کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے اب پورا کیا جارہا ہے گورنر خیبرپختونخوا نے فاٹا، پاٹا کے ٹیکسز کے خاتمہ کے حوالہ سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی جس پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم پاکستان سے اس مسئلہ کو حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ملکی اور خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا