پیپلز پارٹی کے حکومت مخالف لانگ مارچ کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، مارچ آج پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گا۔
لانگ مارچ کے لیے پیپلز پارٹی کے جیالے پُرجوش ہیں اور کراچی شہر میں جگہ جگہ پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور قد آور پینا فلیکس آویزاں کیے گئے ہیں۔
لانگ مارچ میں شرکت کے لیے شہر بھر سے شرکا نمائش پر جمع ہوں گے اور جلوس کی شکل میں روانہ ہوں گے۔
ٹریفک پولیس نے لانگ مارچ کے پیش نظر متبادل ٹریفک پلان ترتیب دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ گرومندر سے نمائش جانے والی سڑک عام عوام کے لیے بند ہو گی لہذا شہری گرومندر سے سولجر بازار اور جمشید روڈ سے جیل روڈ فلائی اوور کا راستہ استعمال کریں۔
سوسائٹی چورنگی سے نمائش تک عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی، شہری سوسائٹی چورنگی سے دائیں جانب کشمیر روڈ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں جبکہ یونیورسٹی روڈ سے آنے والے ٹریفک کو جیل چورنگی شہید ملت کی طرف موڑا جائے گا اور جیل چورنگی سے جمشید روڈ آنے والے ٹریفک کو سولجر بازار کی طرف موڑا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ریگل چوک سے نیو ایم اے جناح کوریڈور 3 تک پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی لہذا شہری صدر دواخانہ سے براستہ لکی اسٹار شارع فیصل کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔