بجٹ اسی حالت میں منظورہوا توملک بھر کی شاہرائیں بند کردیں گے،سیون ای ختم کی جائے،سردار طاہر،مسرت اعجاز،ثاقب رفیق کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (وقائع نگار)صدر فیڈریشن آف رئیلٹرز پاکستان سردار طاہر محمود نے چیئرمین مسرت اعجاز،صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ،صدر آئی سی سی آئی احسن بختاوری،صدر آرسی سی آئی ثاقب رفیق،سابق چیئرمین آباد عارف جیوا،صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ،صدر تنظیم تاجران کاشف چوہدری ،صدر ڈیفلی کریا کراچی جوہر اقبال،صدر ڈی ایچ اے راولپنڈی چوہدری فرخ ریاض،جنرل سیکٹری چوہدری زاہد رفیق،رئیل اسٹیٹ انالسٹ ملک احسن،سیکرٹری انفارمیشن اسرار الحق مشوانی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمام میڈیا کو خوش آمدید کہتے ہیں ہماری آج کی پریس کانفرنس اور احتجاج کا مقصد حکومت وقت کو باآور کروانا ہے کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر اور پاکستان میں موجود سرمایہ کار کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں تمام بلڈرز ڈویلپرز رئیلٹرزاور الائیڈ انڈسٹریز کے نمائندگان شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو حالیہ بجٹ میں جس طرح ٹارگٹ کیا گیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی موجودہ بجٹ اور پچھلا بجٹ جو پیش کیا گیا اس سے نہ صرف ٹیکس ریونیو کے اہداف حاصل نہ ہو سکے بلکہ ٹیکس بیس کو براڈ کرنے کے دعوے بھی جھوٹ ثابت ہوئے اس کا نقصان سرمایہ کار کے بیرون ملک منتقلی کی صورت میں پوری قوم کو بھگتنا پڑا ہے،ایک ادارے کی رپورٹ کے مطابق 23 ہزار ملینئیرز نے پاکستان سے اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کیا ہے۔

پاکستان میں تاجر دوست پالیسیوں کا شدید فقدان ہے 236 سی اور 236 کے کی مد میں رواں مالی سال کے اختتام تک 150 ارب اکٹھا کیا اور سیون ای کی مد میں 14 ارب روپے اکٹھا کیا ہے ہم آپ سے وعدہ کرتے ہیں کہ اگر ہم سے مشاورت کی جائے تو ہم ایک ہزار ارب اس مد میں اکٹھا کر کے دیں گے اور وہ بھی ان سے جو آج تک ٹیکس نہیں دیتے جو یقین دہانی آپ کو چاہیے ہم دینے کو تیار ہیں ۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور صدر آئی سی سی آئی نے اس بات پر زور دیا کہ سیون ای شق کو ختم کیا جائے ورنہ یہ کاروبار نہیں چل سکے گا۔صدر آرسی سی آئی ثاقب رفیق اور رئیل اسٹیٹ انالسٹ احسن ملک نے کہا کہ ایف ای ڈی کی صورت میں ٹیکس میں اضافہ تعمیراتی سیکٹر کیلئے زہرقاتل ہے اس کا خاتمہ ضروری ہے۔

سردار طاہر نے کہا کہ یہ جو ٹیکسیشن اناؤنس کی گئی ہے یہ ایف بی آر نے اپنی سپیڈ منی اور بھتہ خوری کے لیے موجودہ ٹیکس پیئرز پہ اناؤنس کی ہے ۔اس کی مثال لاہور ایل ٹی وی اور آر ٹی او کا واقعہ ہے جو آپ کے علم میں ہے جس میں سوا آٹھ کروڑ روپے سپیڈ منی لی گئی ہے محکمانہ انکوائری کر کے معاملے کو داخل دفتر کر دیا گیا ہے۔ سیون ای اور ایف ای ڈی جیسے قوانین سے ریونیو تو نہیں مل سکتا بلکہ کاروبار کی مزید تباہی ہو سکتی ہے اس سے بہتر قوانین لائے جا سکتے ہیں جس سے ریونیو کے اہداف بھی حاصل ہو سکتے ہیں اور مارکیٹ بھی بہتر پرفارم کر سکتی ہے ۔

سردار طاہر نے کہا کہ ٹیکسیشن کے معاملے میں ہمیں کہا جاتا ہے کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کی وجہ سے ہم مجبور ہیں مگر پاکستان میں موجود سرمایہ کاروں کو تنگ کر کے باہر بھیجنے پر آئی ایم ایف نے تو مجبور نہیں کیا ہے۔آر ڈی اے جیسا ادارہ جو کہ گزشتہ دو سال سے کسی ڈیویلپر کو اپروول نہیں دے رہا تمام فارملٹیز مکمل ہونے کے باوجود تو اس کو کیا سمجھا جائے آر ڈی اے کا ریونیو گزشتہ سالوں میں کم ہوا ہے ۔سردار طاہر نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات کو نہ مانا گیا اور بجٹ اسی طرح منظور کر لیا گیا تو 15 جولائی سے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا جس میں تمام ٹرانسفرز اور رجسٹریز کا بائیکاٹ کر کے تمام بلڈرز ڈیویلپرز، رئیلٹرز اور الائیڈ انڈسٹری کے لوگوں کے ساتھ مل کر ملک کی تمام چھوٹی بڑی شاہراہوں کو بند کر کے بیٹھ جائیں گے۔